کوئٹہ27جولائی ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انہیں کام کرنے کے ایک محفوظ اور بہتر ماحول کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جس کے لئے تحفظ خواتین ایکٹ 2016ء پر بھرپور طور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جار ہا ہے جبکہ اس شعبہ میں کام کرنے والی غیرسرکاری تنظیموں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی بھی کی جارہی ہے _وزیراعلی بلوچستان سے تحفظ حقوق نسواں کی تنظیم مہرگڑھ جنسی ہراسمنٹ کمیٹی کی رکن نفیسہ شاہوانی نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے کمیٹی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس ضمن میں صوبائی حکومت اور کمیٹی کے مابین ایم او یو تیار کیا گیا ہے جس کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں خواتین اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جائے گا کہ ہراسگی کا مفہوم کیا ہے اس کے مسائل کیا ہیں اور ان سے کیسے نمٹا جاسکتا ہے ۔
وی این ایس، کوئٹہ