سرکاری کوٹے کے تحت سستے داموں آٹے کی فراہمی شروع، پشاور کے 14مقامات میں شہریوں کو بیس کلو آٹے کا تھیلہ 860 روپے میں فراہم کیا گیا۔

278

پشاور، 25 جولائی(اے پی پی): محکمہ خوراک کی جانب سے سرکاری کوٹے کے تحت سستے داموں آٹے کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا گیا جس کے تحت پشاور میں 14پوائنٹس پر شہریوں کو 860 روپے میں بیس کلو آٹے کا تھیلہ فراہم کیا گیا۔

 محکمہ خوراک نے صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سب سے پہلے سرکاری کوٹہ پشاور میں ریلیز کردیا اور دو ہزار میٹل ٹن کے حساب سے شہریوں کو کم از کم 860 روپے والا آٹا فراہم کردیا گیا جس کے تحت پشاور کے 14مقامات ارمڑ‘ ماموں خٹکی‘ نحقی‘چارسدہ روڈ‘ ورسک روڈ‘ دلہ زاک روڈ‘ ماشوخیل‘ سربند‘ باڑہ روڈ‘رامپورہ بازار‘ چارسدہ روڈ‘ حیات آباد‘ چیئرمین دفتر پھندو روڈ اور شمشتو کیمپ میں شہریوں کو بیس کلو آٹے کا تھیلہ 860 روپے میں فراہم کیا گیا۔

محکمہ خوراک نے واضح کیا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے بہتر پالیسی اپنانے سے پنجاب کے آٹے میں سو روپے کمی واقع ہوئی ہے جس میں فائن‘ سپر فائن اور سپیشل سمیت دیگر شامل ہیں اور پشاور میں ادارے کی جانب سے سرکاری ڈیلروں کو 837 جبکہ آٹا ڈیلروں نے عوام کو 860 روپے میں بیس کلو آٹے کا تھیلہ فراہم کیا۔

بعد ازاں محکمہ خوراک کے سیکرٹری فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) خوشحال خان‘ ڈائریکٹر محمد زبیر اور ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ ‘ نعمان عامر اور واجد علی نے مختلف پوائنٹس اور ڈیلروں کو چیک کیا جہاں پر سرکاری نرخ کے مطابق رقم وصول کیا جا رہا تھا جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے اطمینان اور شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

 وی این ایس، پشاور