سکھر: ضلع کونسل خیرپور کامالی سال2020-21 کااجلاس، بجٹ منظور

174

سکھر،10جولائی(اے پی پی):ضلع کونسل خیرپور کا چوتھا بجٹ اجلاس، ضلعی چیئرمین شہریار وسان کی صدارت میں ضلع کونسل ہال خیرپور میں منعقد کیا گیا ۔

شہریار وسان نے 65کروڑ56لاکھ67 ہزار413 روپے مالی سال 2020-21 کاسالانہ بجٹ پیش کیا اور  بجٹ  کی  منظوری بھی دے  دی گئی۔اس کے علاوہ    اجلاس میں  کورونا وائرس و دیگر بیماریوں سے جاں بحق افراد کی ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی  کی گئی۔

 اس سلسلے میں مالی سال 2020-21 کے آمدن کا تخمینہ کی تفصیل کے مطابق آکٹرائے ضلعی ٹیکس کی مد میں 59 کروڑ،61 لاکھ67 ہزر413 روپے لگایا گیا ہے ، کنڈیشنل گرانٹ3 کروڑ50 لاکھ ہے۔ امووبل پراپرٹی ٹیکس 1 کروڑ65 لاکھ روپے، فیس 17 لاکھ روپے، کرایہ کی مد میں 10 لاکھ روپے،دیگر ذرائع کے مد میں15 لاکھ روپے، کیپیٹل آمدنی کے مد میں 38 لاکھ روپے رکھا گیا ہے ۔

 شہریار وسان نے مزید بتایا کہ بجیٹ میں ملازموں کی تنخواؤں کی مد میں 15 کروڑ 39 لاکھ65 ہزار7 سو3 روپے، پنشن کے لئے 6 کروڑ14 لاکھ 97 ہزار5 سو 99 روپے، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لئے 1 کروڑ، سوشل ویلفیئر گرانٹ کے لئے 1 کروڑ 3 لاکھ، ترقیاتی اسکیموں کےلئے 23 کروڑ 60 لاکھ ، کونسل برانچ کے لئے 33 لاکھ 10 ہزار ، ہیلتھ برانچ کے لئے 13 لاکھ ہزار، انجینئر برانچ کے لئے 57 لاکھ، ٹیکسیشن کے لئے 12 لاکھ 20 ہزار، اسٹور اور پرچیز کے لئے 45 لاکھ 50 ہزار، کھیلوں کے گراؤنڈز کے لئے 20 لاکھ ، بندوں کے حفاظت کے لئے 30 لاکھ ، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ایک کروڑ ، اقلیتوں کے تہوار کے لئے 2 لاکھ ، پریس کلب کےلئے 20 لاکھ ،بار کونسل کے لئے 2 لاکھ ،ڈی واٹرنگ کی خریداری کےلئے 10 لاکھ مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ روز مرہ کے اخراجات، دفترکے خرچ، انفورسین، اسکالرشپ، بقایاجات، چارج ایکسپنڈیچر ، واٹر سپلائی اسکیموں کے لئے پانی کی اوور ہیڈ ٹینکوں اور ٹیوب ویلوں سمیت ودیگرشعبوں کے لئے رقم مختص کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ کونسل کے ملازمین کو حج کی سعادت کے لیے40 لاکھ مختص کئے گئے ہیں  جبکہ  منظور  شدہ بجٹ کو عوام دوست بجٹ قرار دیا گیاہے ۔

وی این ایس،سکھر