ملتان ، 18 جولائی (اے پی پی ): ضلع ملتان میں ممکنہ فلڈ سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت فلڈ فائٹنگ انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی سیلاب کے حوالے سے حکومت پنجاب کے قائم کردہ ڈیش بورڈ پر روزانہ معلومات اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت جاری کیں اور ضلع کی تمام خطرناک قرار دی گئی بلڈنگز کی تفصیلات بھی ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کرنے کو کہا ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کے ساتھ مضبوط میکانزم تیار کیا جائے گا، ریسکیو1122لوگوں کو بروقت ریسکیو کرنے کے لئے مختلف مواضعات کے نمبرداراور نمائندہ شخصیات سے رابطہ قائم رکھے گے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں ریلیف کیمپس کے قیام کے لئے سکولوں کی بلڈنگز کا انتخاب کر لیا گیا ہے،محکمہ ریونیو نے سیلاب کی صورت میں ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے مواضعات کی فہرستیں تیار کر لی ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ لائیو سٹک، مویشیوں کے لئے ویکسین سٹاک کی دستیابی یقینی بنائے، ریلیف کیمپس کے قیام کے لئے محکمہ ریونیو اور محکمہ تعلیم کے افسران بلڈنگز میں بجلی کے انتظامات چیک کر لیں اور سرکاری مشینری کے علاوہ کرائے پر مشینری حاصل کی صورت میں پیشگی کنٹریکٹرز کی لسٹیں تیار کی جائیں جبکہ محکمہ صحت سانپ کے کاٹے کی ویکسین اور دیگرادویات کی سٹاک میں دستیابی یقین بنائے۔
اجلاس میں اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی، اے سیز شہزاد محبوب،احمد رضا، محمد زبیر اور غلام سرور سمیت ریسکیو1122،محکمہ صحت،لائیو سٹاک،واسا، تعلیم اور دیگر محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
وی این ایس، ملتان