محکمہ زراعت کاشتکاروں کی فلاح اور رہنمائی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہا ہے؛ ایڈیشنل سیکرٹری رانا علی ارشد  بہاولپور ؛کپاس  سے  متعلق ڈویژنل ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا  اجلاس

123

بہاولپور،18 جولائی (اے پی پی ):ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب رانا علی ارشد کی  زیر صدارت  کپاس  سے  متعلق  ڈویژنل ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا  اجلاس  ہفتہ  کو  یہاں  منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ڈائریکٹرز زراعت جمشید خالد سندھو،ڈاکٹر محمد اسلم، نوید عصمت کاہلوں،ملک نجم الحسن،حافظ محمد شفیق سمیت شیخ عارف و دیگر نے شرکت کی۔

ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب  نے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت کا زیادہ تررقبہ بہاولپور ڈویژن میں ہے،لہٰذا اس ڈویژن کی فیلڈ فارمیشنز کو زیادہ بہتر ،فعال اور سرگرم کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگی بنیادوں پر کپاس کے نگہداشتی امور بارے رہنمائی فراہم کرنے سے ہی مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔ کپاس کی پیداوار ، کوالٹی اور زرعی معیشت میں بہاولپور ڈویژن کے کاشتکار کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔محکمہ زراعت کاشتکاروں کی فلاح اور رہنمائی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ فارمیشنز کاشتکاروں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ روابط بڑھائیں اور انہیں فنی رہنمائی فراہم کرنے میں کسی قسم کی سستی نہ برتیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید کی ہدایت پرکپاس کے نگہداشتی امور میں مزید بہتری لانے کیلئے تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈویژن کی سطح پر ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔بہاولپور ڈویژن میں کپاس کی کاشت کا 96فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔ کپاس سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات مرتب کرکے بروقت کاشتکاروں تک پہنچائی جارہی ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضا فہ کیلئے گزشتہ سالوں سے بہتر اور منظم انداز میں مہم چلائی جارہی ہے۔فیلڈ فارمیشنز کو باقاعدگی سے کپاس کی پیسٹ سکاؤٹنگ ،زرعی زہروں کے انتخاب اورسپرے کرنے کے طریقوں بارے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کے سلسلہ میں جاری سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے تاکہ کپاس کے نگہداشتی امور میں درپیش مسائل اور مشکلات کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔ کاشتکاروں میں کاٹن ایڈوائزری کا لٹریچر کپاس کے تمام کاشتکاروں تک پہنچایا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹوں میں زرعی ادویات اور کھادوں کے معیار اور قیمتوں کو برقرار رکھنے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ملاوٹ شدہ وجعلی زرعی ادویات وکھادوں کے دھندھے میں ملوث عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں اس ضمن میں حکومت پنجاب زیروٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔کسی بھی شکایت کی صورت میں تمام دکانوں پر بینرز آویزاں کئے گئے ہیں جن پر واٹس ایپ نمبر0300-2955539 درج ہے جس پر شکایات موصول ہونے کے 24گھنٹے کے اندر ازالہ کردیا جاتا ہے ۔

وی  این ایس،   بہاولپور