ملتان ،28 جولائی (اے پی پی ): ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر رانا اخلاق احمد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں محکمہ سوشل ویلفئیر،لیبر اور زکواة و عشر کمیٹی کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں رانا اخلاق احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے نابینا افراد کو مالی امداد کی فراہمی کے لئے محکمہ زکواة و عشر کو 18 کروڑ روپے جبکہ صوبائی حکومت نے معذور افراد کی مالی مدد کے لئے محکمہ سوشل ویلفئیر کو 24 لاکھ روپے جاری کردیئے ہیں۔
درخواستوں کی وصولی کا طریقہ کار طے کرنے کے لئے رانا اخلاق احمد نے کہا کہ نابیناافراد ماہانہ مالی امداد کی درخواستیں 15 اگست تک زکواة و عشر کی مقامی دفاتر میں جمع کرا سکتے ہیں ہر نابینا فرد کو ہر ماہ 2 ہزار روپے دئے جائیں گے معذور افراد25 اگست تک اپنی درخوستیں محکمہ سوشل ویلفئیر کے آفس جمع کرا سکتے ہیں معذور افراد کو مالی امداد ایک مرتبہ ادا کی جائے گی۔
رانا اخلاق احمد نے کہا کہ معذور افراد کو مالی امداد کی رقم کا فیصلہ درخوستوں کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا،مالی امداد کے حصول کے لئے درخواست فارم محکمہ سوشل کے آفس سے حاصل کئے جا سکتے ہیں اس فنڈز میں اضافہ کے لئے مخیر حضرات کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا، معذور افراد کو ہنر سکھانے کی حکمت عملی بھی طے کر لی گئی ہے ۔
رانااخلاق احمد نے کہا کہ معذور افراد کو اپرنٹس شپ دلانے کے لئے ملتان چیمبر آف کامرس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
اجلاس میں این جی اووز کے نمائندوں سید اعجازشاہ، زاہدہ حمید اور تنویر احمد بھی شریک ہوئے۔
وی این ایس،ملتان