ملتان ،28جولائی (اے پی پی): ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول ریجن زبیدہ پروین کی زیرصدارت عیدالاضحیٰ پر ٹریفک پلان ، سیکورٹی ڈیوٹی اورجرائم کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی زبیدہ پروین کا کہنا تھا کہ افسران و ملازمین عیدالاضحیٰ پر حاضر والرٹ رہیں ،شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور مؤثر گشت کریں۔انہوں نے کہا کہ رانگ پارکنگ ،ون ویلنگ ،ریس اور تیز رفتاری کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ کرونا ایس او پز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا،کرونا وائرس وبا کے پیش نظر شہری ماسک اور گلوز پہن کر مویشی منڈی جائیں ، شہری اپنے ساتھ بچے اور بزرگوں کو مویشی منڈی لے جانے سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ شہریوں کو مویشی منڈی میں سڑک پر اپنی گاڑی کو محفوظ جگہ پر پارک کرنے کی ہدایت کی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ شہری اور بیوپاری مویشی منڈی میں جانوروں کی خرید وفروخت کرتے وقت نوسر بازوں اور جیب تراشوں سے ہوشیار رہیں۔
سورس:وی این ایس،ملتان