ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی آپریشن کی تیاریاں مکمل

105

ملتان، 30جولائی(اے پی پی ):ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی آپریشن کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں،اس بارے میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے سرکٹ ہاوس میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہو کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور تلف کرنے کی بھر پورتیاری کر رکھی ہے،کمپنی انتظامیہ بہترین ہوم ورک کی بنیاد پر مثالی صفائی کے ذریعے اہلیان ملتان کے دل جیتے گی،عید کے ایام میں 11500 ٹن آلائشیں اٹھانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے،جب کہ عید صفائی آپریشن میں 2394 ورکرز اور420 گاڑیاں حصہ لیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 25 افسران صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کریں گے،اس سلسلہ میں ڈی سی آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے،اس کے علاؤہ ممبران اسمبلی صفائی کی صورتحال چیک کرنے کے لئے اپنے حلقوں کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں خود عید کے ایام میں فیلڈ کا وزٹ کرکے کمپنی کی کارکردگی کو مانیٹر کرونگا۔
سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالطیف خان نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ویسٹ کلکشن، ٹرانسپورٹیشن اور ڈسپوزل کا پلان تیار ہے،ہیومن اور مکینکل ریسورس کے انتظامات مکمل ہیں،گھروں کی دہلیز سے جانوروں کی آلائشوں کو اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہر میں آلائشوں کو اکٹھا کرنے کے لئے 14 عارضی پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں، ان عارضی پوائنٹس سے بھاری مشینری کے ذریعے ویسٹ ڈمپنگ پوائنٹ لے جایا جائے گا،ڈسپوزل آپریشن میں لوڈر، ڈمپر،ایکسکاویٹر، رولرٹرک اور چین ڈوزر استعمال کئے جائیں گے،شہریوں کو صفائی بارے آگاہی دینے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں 14 کیمپس قائم کر دئے گئے ہیں،کمپنی کا کمپلینٹ سیل موثر بنا دیا گیا ہے جو24 گھنٹے کھلا رہے گا جب کہ شہری 1139 اور واٹس ایپ نمبر9215555-0305 پر شکایت کر سکیں گے۔
منیجر آپریشنز داود مکی اور منیجر پروکیورمنٹ علیم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اے پی پی /ملتان/حامد