ملتان: کپاس کی بہتر نگہداشت اور پیداواری ہدف کے حصول کیلئے کاٹن کراپ مینجمنٹ گروپ کا اجلاس

150

ملتان،03 جولائی (اے پی پی ): صوبہ پنجاب میں کپاس کی بہتر نگہداشت اور پیداواری ہدف کے حصول کیلئے ملتان میں کاٹن کراپ مینجمنٹ گروپ کا اجلاس وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو بھرپور جدوجہد اور فعال کردار ادا کرنے کے  بارے میں  زور دیا گیا۔

اجلاس میں زرعی ماہرین و دیگر سٹیک ہولڈرز نے کپاس کی موجودہ صورت حال  کے  بارے تفصیلاً آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب کا کہنا تھا کہ  صوبہ میں 75 لاکھ روئی کی گانٹھوں کے ہدف کے حصول کیلئے حکومت پنجاب تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل سے مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون اشد ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود سیکرٹری زراعت واصف خورشید اور ڈائریکٹر جنرلز کپاس کی کاشت کے علاقوں میں جاری فیلڈ سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے ہنگامی دورے کررہے ہیں۔

انہوں نے محکمہ زراعت کی متعلقہ فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں کی رہنمائی کے عمل میں جاری فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں ، مارکیٹ میں کھادوں اور زرعی ادویات کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جائے۔ کاشتکاروں کو پیسٹ سکاؤٹنگ اور سپرے کرنے کے طریقوں کی عملی تربیت فراہم کی جائے۔ ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات بروقت کاشتکاروں تک پہنچائی جائیں۔

 اجلاس میں تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے کپاس کی کوالٹی اور پیداوار میں اضافہ کیلئے تجاویز دیں،جس پر  وزیر زراعت نے  شرکاء کو یقین دلایا کہ تمام قابل عمل تجاویز پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ دوران سیزن کپاس کے کاشتکاروں کو کسی قسم کی مشکلات اور مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وی این ایس ، ملتان