ملتان ، 16 جولائی (اے پی پی ): سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید کی ہدایت پر کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے قائم کی گئی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو یہاں مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا،اجلاس کی صدرات ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس رانا علی ارشد نے کی۔
اجلاس میں ملتان ڈویژن میں کپاس کی فصل کی موجودہ صورت حال، آبپاشی کیلئے پانی کی دستیابی، فصل پر کیڑوں و سنڈیوں کا حملہ، کھادوں وزرعی زہروں کی مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پردستیابی و دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس رانا علی ارشد نے کہا کہ صوبہ میں کپاس کی بحالی کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، کپاس سے ہی ملکی معیشت کا مستقبل وابستہ ہے۔ کاشتکاروں، انڈسٹری اور برآمدات کا دارومدار بھی کپاس کی پیداوار سے براہ راست منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو بہتر نگہداشتی امور کے بارے میں ایڈوائزری فراہم کرنے کیلئے ڈویژن کی سطح پر اجلاس منعقد کیے جارہے ہیں تاکہ کاشتکاروں کو درپیش مشکلات و مسائل سے جان کاری حاصل کرکے حل تجویز کیا جاسکے کیونکہ ہر ڈویژن میں کپاس کی فصل کے مسائل بھی مختلف ہوتے ہیں لہٰذا ڈویژن کی سطح پر متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے بہتر فیڈ بیک کے حصول اور سفارشات مرتب کرنے کیلئے پندرہ روزہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس فورم سے کپاس پر حملہ آور کیڑوں اور بیماریوں و دیگر نگہداشتی امور کے بارے میں سفارشات مرتب کرکے کاشتکاروں تک پہنچائی جارہی ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر کپاس کی پیداوار میں اضافہ اور اسے زیادہ منافع بخش بنایا جاسکتا ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس نے مزید کہا کہ جعلی زرعی ادویات وکھادوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلہ میں مارکیٹ میں زرعی ادویات کے معیار اور قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے تاکہ زرعی زہروں کی افادیت اور کاشتکاروں کی قوت خرید متاثر نہ ہو اور پیداواری لاگت میں کمی بھی واقع ہو۔
اس موقع پر ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد نے کپاس کی موجودہ صورت حال بارے اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں سید ظفریاب حیدر، پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید، ڈائریکٹرز زراعت ڈاکٹر صغیر احمد، ڈاکٹر محمد اسلم، شہزاد صابر، نوید عصمت کاہلوں سمیت ترقی پسند کاشتکاروں سید حسن رضا،محمد الیاس و دیگر نے شرکت کی۔
وی این ایس ، ملتان











