لاہور،09جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ،ملاقات میں مون سون سیزن کے پیش نظر ممکنہ سیلاب اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے کئے گئے انتظامات پر گفتگو کی گئی ۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے پی ڈی ایم اے کوموثرانتظامات کی ہدایت دی اور کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع کا ایمرجنسی پلان مرتب کیا جائے گا-انہوں نے کہا کہ میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈوزٹ کر رہا ہوں ،انہوں نے خانکی ہیڈورکس کا دورہ کر کے زمینی حقائق کا خود جائزہ لیا ہے۔
انھوں نے ہدایت دی کہ پی ڈی ایم اے کے انتظامات کی مانیٹرنگ سمیت ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کو فعال بنانے سمیت باقاعدگی سے اجلاس کر کے صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے اور پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم سے روزانہ کی بنیاد پر موسمیاتی صورتحال سے متعلق معلومات متعلقہ محکموں کے ساتھ شیئر کی جائیں –
عثمان بزدار نے کہا کہ فلڈ کے بارے میں پیشگی اطلاع کے سسٹم کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے، سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام کو موسم اور دریاؤں میں پانی کی صورتحال سے بھی آگاہ رکھاجائے-
وزیر اعلی نے کہا کہ پی ڈی ایم اے ضروری سامان اور آلات کی بروقت خریداری یقینی بنائے- انتظامات کے سلسلے میں کوتاہی یا غفلت برتنے کی کوئی گنجائش نہیں۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو پہلے بھی درکار وسائل مہیا کئے گئے ہیں اور آئندہ بھی فراہم کریں گے۔
صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے پی ڈی ایم اے کی کارکردگی اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کے بارے میں وزیر اعلی عثمان بزدار کو آگاہ کیا۔
وی این ایس ، لاہور











