وزیراعلیٰ پنجاب سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے  نوتعینات ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی پولیس کی ملاقات

106

لاہور،01جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس انعام غنی نے  بدھ   کو یہاں ملاقات کی، ملاقات میں  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس ساؤتھ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کےقیام کیلئے افسروں کی میرٹ پر تعیناتی کی ہے ۔سیکرٹریٹ کے قیام سے علاقے کے لوگوں کو ریلیف ملے گاجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لئے 33 فیصد ترقیاتی بجٹ کی رنگ فینسنگ کی گئی ہے ،ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے بجٹ میں ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں  جبکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے فنکشنل ہونے سے عوام کو اپنے کاموں کے سلسلے میں لاہور نہیں آ نا پڑے گا اور وہاں کی عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی سیکرٹریٹ کیلئے آپ کی تعیناتی آپ کیلئے اعزاز ہے۔نئے تعینات ہونے والے افسران ہر کام میرٹ پر کریں، غلط کام کیلئے کسی کا دباؤ خاطر میں نہ لائیں۔عوام کی خدمت کو شعار بناتے ہوئے ایمانداری سے فرائض سرانجام دیئے جائیں اور اپنے دفاتر کے دروازے لوگوں کیلئے کھلے رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام ایک حقیقی تبدیلی ہےعوام کو ریلیف ملنے سے یہ تبدیلی واضح نظر آئے گی ۔ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات افسران کو عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے،جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنے کیلئے آپ نے جانفشانی سے سرکاری امور انجام دینے ہیں۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ افتخار سہو اور وزیراعلیٰ کے سیکرٹری کوآرڈینیشن جاوید اختر بھی موجود تھے۔

وی این ایس ، لاہور