احمدپورشرقیہ، 26 جولائی (اے پی پی ):وزیر اعظم عمران خان کے ویژن او ر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر 9اگست کو ٹائیگرز فورس شجرکاری ڈے منایا جائے گا،اس روز ضلع بھر میں 42 ہزار 202 سدابہار پودے لگائے جائیں گے۔
اس سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر بہاولپور مظفر خان سیال کی زیر صدارت اجلاس ہوا، ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ٹائیگر فورس شجرکاری ڈے کو کامیاب بنانے کے لئے تمام محکموں کے افسران و سٹاف اپنا کلیدی کردار ادا کریں، تمام محکمے اس سلسلہ میں اپنے اپنے فوکل پرسن مقرر کریں اور تمام محکمہ جات شجرکاری کے حوالہ سے اپنے اپنے محکموں کے ملازمین اور پودوں کی ڈیمانڈ کے حوالہ سے فہرست محکمہ جنگلات کو دو دن کے اندر فراہم کریں۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور مظفر خان سیال نے کہا کہ ٹائیگرز فورس شجرکاری ڈے کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، میڈیکل کیمپ کے ساتھ ساتھ ریسکیو 1122کا کیمپ بھی لگایا جائے ۔
ڈی ایف او لال سہانرا رانا محمد مشتاق نے ٹائیگرز فورس شجرکاری ڈے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ 9اگست کو ضلع بھر میں 42 ہزار 202پودے لگائے جائیں گے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر احسان علی جمالی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عذمان چوہدری، ڈی ایف او جنگلات (توسیع) شاہد حمید، ڈی ایف او بہاول پور خالد جاوید بھٹہ، ڈائریکٹر ایڈمن پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سمیرا ربانی، سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی ظہور احمد چوہان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جہانزیب ملک، ڈی او سپورٹس مقصود الحسن جاوید، محکمہ زراعت، ماحولیات، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عصمت اللہ، لائیو اسٹاک، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، چیف آفیسر میٹروپولیٹن سٹی چوہدری محمد شفیق، کونسل آفیسر میاں اظہر اور دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔
وی این ایس، احمدپورشرقیہ