لاہور،یکم جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے جس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے اعلیٰ نے بین الصوبائی ہم آہنگی اور صوبوں کے درمیان تعلقات بڑھانے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں دونوں صوبے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں گے،بلوچستان کے لوگ محب وطن اور محنتی ہیں، نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے سفر میں شانہ بشانہ چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے، صوبوں کے درمیان یکجہتی، ہم آہنگی او ربھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے ملکر کام کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، بلوچستان کے طلبا و طالبات کیلئے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل لاہور آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا ایئرپورٹ پر تباک استقبال کیا۔
وی این ایس، لاہور