چنیوٹ،17 جولائی(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنرمحمد ریاض نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام سرسبز وشاداب پاکستان کی ضمانت ہے اور رواں موسم برسات شجرکاری مہم میں ضلع بھر میں چھ لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔
مون سون کے موسم کی شجر کاری کے موقع پرضلعی صدر پی ٹی آئی میاں شوکت علی تھہیم اور ضلعی رہنماو فوکل پرسن ٹائیگر فورس حسن علی قاضی و ٹائیگر فورس والنٹیئرز کے ہمراہ پودے لگانے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹین بلین ٹری مہم وزیر اعظم پاکستان محمد عمران خان صاحب کا انقلابی قدم ہے کیونکہ درختوں کی کمی پورا کرنے کے لئے وسیع بنیادوں پر شجرکاری کی ضرورت ہے لہذا ہر شہری کو پودا لگا کر اپنا قومی فرض ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سر سبز پاکستان کی منزل حاصل کرنے کے لئے عزم و جذبے کے ساتھ پودے لگا کر ان کی بھر پور انداز میں آبیاری کی جائے ۔
انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران سے کہا کہ وہ شجرکاری کے لئے شہریوں میں احساس و ترغیب پیدا کرنے کے سلسلے میں بھر پور آگاہی مہم پر عمل کریں اور درخت لگانے کے متعلق مکمل تکنیکی رہنمائی کی جائے ۔
ضلع صدر پی ٹی آئی میاں شوکت علی تھہیم نے کہا کہ ہمارے قائد وزیر اعظم پاکستان عمران خان صاحب کے ویژن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کورونا ٹائیگر فورس بھی شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کرے گی اور دستیاب جگہوں پر وسیع تعداد میں پودے لگائیں گے اور اس پروگرام کو کامیاب کروانے کی بھرپور کوشش کرے گی ،ہمارے ضلع میں سات ہزار والنٹیئر رجسٹرڈ ہیں اور ان میں سے ہر جوان اپنے قائد کے ویژن کو لیکر آگے چلے اورانشاء اللہ چنیوٹ میں یہ پروگرام کامیاب ہو گا ۔
ضلعی رہنماو فوکل پرسن ٹائیگر فورس حسن علی قاضی نے کہا کہ ہر سال 2موسم بہار اور مون سون میں پودے لگانے کا ٹارگٹ دیا جاتا ہے ، پاکستان تحریک انصاف پچھلے 2سال سے یہ ٹارگٹ پورا کرتی آ رہی ہے اور اس سیزن میں چنیوٹ کا 6لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ ہے جو ہم سب ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ساتھ مل کر پورا کریں گے اور 5سال بعد ٹین بلین درخت لگانے کا ثمر ملنا شروع ہو جائے گا ۔
اے پی پی / چنیوٹ/نورین