چیف ٹریفک آفیسر ہما نصیب کی زیر نگرانی سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے اسپیشل آگاہی مہم کا آغاز

212

ملتان06 جولائی ( اے پی پی): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس ہیڈ آف ٹریفک پولیس پنجاب کی ہدایت پر چیف ٹریفک آفیسر ملتان ہما نصیب کی زیر نگرانی سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے اسپیشل آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ دو ہفتہ کی آگاہی مہم کے آغاز پر سٹی ٹریفک پولیس ملتان نے عزیزہوٹل چوک پر رکشہ ڈرائیوران کے لیے لیکچر کا انعقاد کیا۔ٹریفک آفیسر سرکل سٹی حاکم علی خان ڈی ایس پی اور انچارج ایجوکیشن یونٹ شاہد جاوید مئیو انسپکٹر نے لیکچر دیتے ہوئے رکشہ ڈرائیوران کو ڈرائیونگ لائسنس کی اہمیت اور استعمال بارے بریف کیا۔ انہیں بتایا کہ ہمیشہ بائیں لین میں رہتے ہوئے ڈرائیونگ کریں اور اوورٹیکنگ سے گریز کریں۔ صرف ڈرائیونگ لائسنس اور روٹ پرمٹ ہونے کی صورت میں رکشہ لے کر سڑک پر آئیں۔ رکشہ ڈرائیوز کو تلقین کی گئی رکشہ کی ہیڈ لائٹ و بیک لائٹ درست حالت میں ہونی چاہیے اور رکشہ چلاتے ہوئے شہر کی حدود میں رفتار کم رکھیں۔ اس کے علاوہ رکشہ ڈرائیوران اور روڈ یوزرز میں پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ اپنے سفر کو محفوظ اور آسان بنانے کے لئے سٹی ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور ٹریفک قوانین کا احترام کریں۔

وی این ایس،ملتان