سعودی عرب: کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے واک کا اہتمام ، عالمی   برادری سے  مقبوضہ وادی  میں  مظالم   بند کرانے  کا  مطالبہ

0
311

ریاض ، 22 اگست (اے پی پی ): سعودی عرب میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے واک کا اہتمام کیا گیا جس  کا  مقصد  عالمی برادری کی کشمیر میں جاری مظالم کی جانب توجہ مبذول کروانا تھا ، واک میں   عالمی برادری سے مطالبہ بھی کیا گیا کہ کشمیر میں جاری مظالم کو بند کروانے  سمیت  کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلایا جائے۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے ڈپلومیٹک کواٹرز میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز کی قیادت میں ہونے والی واک میں سفارتی عملے سمیت پاکستانی اور کشمیری کیمونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

سفارت خانہ پاکستان سے شروع ہونے والی تین کلومیٹر لمبی احتجاجی واک دنیا کے مختلف سفارت خانوں سے ہوکر گزری جس کا مقصد دنیا بھر کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی جانب توجہ مبذول کروانا تھا اور پاکستانیوں کو ترغیب دینا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کریں اور دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں ۔

اس موقع پر سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز نے کہا کہ جب تک بھارت کشمیریوں کو ان کو استصواب رائے کا حق نہیں دیتا  تب تک پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور پاکستانی عوام کشمیریوں کے ہمراہ بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتی رہے گی ۔

واک کے دیگر شرکاء نے بھی عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے اور کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کو رکوائے۔