” پاک امریکہ تعلقات جنوبی ایشیاء میں سیکیورٹی اور امن و استحکام ” کے عنوان سے ویبینار کا انعقاد،  پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید  نے کرونا  وبا سے نمٹنے  کیلئے  پاکستان  کیجانب  سے  کامیاب اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا

0
467

واشنگٹن،18 اگست(اے پی پی ): شکاگو کونسل برائے گلوبل افئیرز کی تنظیم کے زیر اہتمام ” پاک امریکہ تعلقات جنوبی ایشیاء میں سیکیورٹی اور امن و استحکام ” کے عنوان سے ویبینار کا انعقادکیا   گیا ۔

امریکہ میں متعین پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان  نے   ویبینار سے خطاب کرتے  ہوئے    پاکستان میں کوویڈ-19 کی صورتحال ،تازہ ترین پیشرفت اور اس مرض سے نمٹنے کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے کامیاب اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے  کہا کہ حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کو عملی جامہ پہنانے کی کوششوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر کووڈ -19 کے مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔

سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان   نے  کہا کہ وبائی مرض سے متاثرہ علاقوں  کی نشاندہی کرنے اور پھر انہیں قرنطینہ میں رکھنےکی حکمت عملی پر عمل در آمد یقینی بنانے سے مرض پر قابو پانے اور کمی لانے میں کامیابی ہوئی۔

اس موقع پر ڈاکٹر اسد مجید خان نے شرکاء کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کی انتہا پسندانہ ہندتوا سوچ کی جانب بھی مبذول کروائی۔انہوں نے  افغانستان میں امن عمل کے حوالے سے پاکستان-امریکہ کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں دیر پا استحکام کیلئے مضبوط پاکستان-امریکہ معاشی تعلقات اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ویبینار  سے  خطاب میں اسد مجید خان نے پاکستان -امریکہ کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری اورتازہ ترین پیشرفت پر بھی روشنی ڈالی۔

ویبینار میں طلباء ، فیکلٹی ممبران ، عوامی پالیسی کے رہنماؤں اور وکلاءکے ساتھ ساتھ میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

واضح    رہے  کہ شکاگو کونسل برائے گلوبل افئیرز ایک آزاد ، غیر جانبدار تنظیم ہےجو عالمی سطح پر اہم مسائل پر بات چیت کو فروغ دیتی ہے اور پالیسی مرتب کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔

وی این ایس، اسلام آباد