ڈیرہ مراد جمالی :سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے یوم آزادی  پر  پرچم کشائی،ریلیاں نکالی  گئی

0
53

ڈیرہ مراد جمالی،14اگست (اے پی پی ): ملک بھر کی طرح ڈیرہ مراد جمالی میں  بھی سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے 14اگست جشن آزادی کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئی ،شرکاء نے ہاتھوں میں سبز حلالی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے فضاء ملی نغموں اور  پاکستان زندہ آباد کےفلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا کہ تھا 14 اگست   کو برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی تاریخ میں بہت بڑی اہمیت ہے جس دن 1947 میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں دنیا کے نقشے پر ایک علیحدہ وطن پاکستان معرض وجود میں آیا آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے جو قدرت کی جانب سے پاکستان کے کروڑوں انسانوں کو نصیب ہوئی جس  کیلئے   قدیم ہندوستان کے مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں تاریخی جدوجہد کی اور تحریک آزادی میں  ہر قسم کے مسائل اور مشکلات کا سامنا کیا اور ہندوستان سے پاکستان کی جانب ہجرت کے دوران ہزاروں مرد و خواتین، بچے اور بزرگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

 انہوں نے کہا کہ اب یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ اپنے آزاد وطن کی قدر کریں اور اس کی حفاظت اور دفاع کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ 14اگست کے دن کو پاکستان کے عوام روایتی جوش و خروش اور جذبے کے ساتھ مناتے ہوئے اس عزم کا اظہار کریں کہ ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی اور سلامتی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

 ڈیرہ مراد جمالی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر میر عبدالغفور لہڑی، دوسری بڑی ریلی قبائلی رہنماء ڈاکڑ محمد اسحاق بگٹی اور تیسری ریلی بی اے پی نصیرآباد کے صدر و سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی میرغلام نبی عمرانی کی قیادت میں الگ الگ نکالی گئی۔