کوئٹہ27اگست ( اے پی پی ):ضلع بارکھان کے معتبرین کہ ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران دوردراز کے پسماندہ اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور آج صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن کی تکمیل سے عوام کو تعلیم، صحت، مواصلات، پانی، بجلی اور روزگارکے مواقع ملیں گے،وفد کی جانب سے ضلع بارکھان میں ڈیموں، سڑکوں، تعلیم اور صحت کی ترقی، رکھنی میں 1122کے قیام، سپورٹس کمپلیکس، ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر، گرلز کالج کو کوسٹر کی فراہمی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، فنڈز کی فراہمی اور منصوبوں پر عملدرآمد کے آغاز پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی قیادت میں ضلع بارکھان کی ترقی کو جتنی توجہ ملی ہے گذشتہ 72سالوں میں نہیں ملی اور آج بارکھان کے عوام ترقیاتی عمل پر خوش اور مطمئن ہیں وفد نے وزیراعلیٰ سے رکھنی میں ہسپتال، گرلز کالج کے قیام، بارکھان ہسپتال کی توسیع اور رکھنی کو تحصیل کا درجہ دینے کی درخواست کی، وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ بارکھان کے عوام کی ضروریات کے مطابق ضلع میں مزید ترقیاتی منصوبے دیئے جائیں گے، وفد نے وزیراعلیٰ کو بارکھان کے دورے کی دعوت دی جسے وزیراعلیٰ نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد بارکھان کا دورہ کریں گے اور ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے۔











