ننکانہ صاحب،14 اگست(اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ زندہ قومیں اپنا یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہیں،آزادی بہت بڑی نعمت ہے جس کی قدر مظلوم کشمیریوں یا بھارت میں اقلیتوں سے پوچھی جا سکتی ہے،جہاں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کو ظلم وستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں یوم آزادی کی مناسبت سے جمنازیم ہال میں منعقد ہو نے والی مرکزی تقریب سے خطاب میں کیا ۔وفاقی وزیر د اخلہ اعجاز احمد شاہ نے پرچم کشائی بھی کی،اس موقع پرضلعی افسران،اراکین اسمبلی،پی ٹی آئی کے عہدیدران،سیاسی و سماجی رہنماء،وکلاء، شہریوں اور سکھ کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی،پرچم کشائی کے بعد پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں آزادی نہ ملتی تو ہمارا حال بھی انہی جیسا ہوتا،انہوں نے کہا کہ یہ ملک انشاء اللہ قیامت تک آباد رہنے کے لئے بناہے،ملکی ترقی و سلامتی کے لئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں یہ ملک مدینہ کی ریاست بننے جا رہا ہے،عمران خان نے کہا کہ اپنے لوگوں کو بھوک سے نہیں مرنے دوں گا،حکومتی اقدامات کی وجہ سے کرونا وائرس کے پھیلاؤمیں نمایاں کمی ہو ئی،پوری قوم نے کرونا وائر س کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ محرم الحرام میں بھی کرونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے،محرم الحرام کے دوران بھی کرونا ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کروایا جا ئے گا۔
بعد ازاں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے سلسلہ میں ہاکی سٹیڈیم میں پودا لگایا، وزیر داخلہ نے پوری پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ وہ ملک کو سر سبز و شاداب کی قومی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے حصے کے پودے لگائیں،اس موقع پر ملکی ترقی و سلامتی اور امن و امان کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔