سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور خان  کا   آپریشنل بیس کا دورہ، JF-17B آپریشنل ٹریننگ مشن میں حصہ لیا

96

آپریشنل ائیر بیس ،13 اگست (اے پی پی ): پاک فضائیہ  کے  سربراہ  ایئر چیف  مارشل مجاہد انور خان نے آج  ایک آپریشنل ائیر بیس کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے JF-17B (ڈوئل سیٹ) طیارے میں ایک آپریشنل ٹریننگ مشن میں حصہ لیا۔

دورے کے دوران ایف سولہ طیارہ اڑانے کا وسیع تجربہ رکھنے  والے ایئر چیف نے ملک میں تیار کیے گئے اس ڈوئل سیٹ لڑاکا طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ بھی  لیا۔

بعد ازاں زمینی اور فضائی عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایئر چیف نے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ میں  JF-17 ڈوئل سیٹ  اور بلاک تھری کی شمولیت پاک فضائیہ کی جدیدیت کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کا ہر فرد ہمارے بہادر سپوتوں کی وراثت کا امین ہے جس کا اظہار گزشتہ سال آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے دوران کیا گیا۔

ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ دشمن کی جانب سے اسلحے کے ذخائر اکٹھا کرنے سے کبھی مرعوب نہیں ہو گی،انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ بری اور بحری افواج کے شانہ بشانہ مادر وطن کی خودمختاری کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

 قبل ازیں سربراہ پاک فضائیہ کی بیس آمد پر ائیر آفیسر کمانڈنگ اور بیس کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔