لاہور، 20 اگست(اے پی پی): سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید اور ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے امام بارگاہوں اور عزاداری جلوسوں کے روٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ پولیس افسران نے امام بارگاہ قصر بتول شادمان اور ایوان زینب ٹھوکر نیاز بیگ کا دورہ کیا۔ پولیس افسران نے شیعہ اکابرین،جلوس و مجالس منتظمین لائسنس ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں۔ ایس پی صدرڈویژن سید غضنفر علی نے سی سی پی او لاہور کو ایوان حیدر ٹھوکر نیاز بیگ سے برامد ہونے والے عاشور کےمرکزی جلوس کی سکیورٹی بارے بریفنگ دی جبکہ ایس پی ماڈل ٹاؤن دوست محمد نے سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کو امام بارگاہ قصر بتول کی سکیورٹی، شرکاء جلوس کے چیکنگ میکانزم، پارکنگ و دیگر انتظامات بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کہا کہ محرم الحرام کی ہر مجلس اور عزادری جلوس سکیورٹی اعتبار سے اہم ہے۔ لاہور پولیس کے محرم سکیورٹی کے آپریشنل،سٹرٹیجک اور لاجسٹک انتظامات مکمل ہیں۔ سی۔سی پی او نے کہا کہ عزاداروں کی سکیورٹی کے ساتھ کورونا ایس او پیز پر عملدرامد کروانے کے چیلنجز بھی ہیں۔ تمام مسالک کے علماء کرام اور کمیونٹی کے تعاون سے محرم الحرام پرامن بنائیں گے۔ سی سی پی او نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ محرم الحرام میں سکیورٹی انتہائی سخت رکھیں،الرٹ ہو کر ڈیوٹی کریں۔











