لاہور،04 اگست (اے پی پی) وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت بزنس فرینڈلی حکومت ہے، صنعتکاروں او ر تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کر رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عرفان اقبال کی قیادت میں مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور اور تاجروں کے وفدسے ملاقات میں کیا ۔
ملاقات میں صنعتکاروں اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صنعتکاروں او ر تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ محکمہ صنعت، لیبر،سوشل سکیورٹی،پولیس اور انتظامیہ سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے آج ہی ہدایات جاری کی جائیں گی۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ عید الاضحی سے قبل لاک ڈاؤن عوام کے مفاد میں کیا گیا تھا،حکومت نے 3روز قبل ہی لاک ڈاؤن ختم کردیا ہے، صوبے میں معاشی سرگرمیاں تیز کرنے کے لئے مزید کاروبار ، ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے تاہم نیگٹو لسٹ میں شامل بزنس فی الحال بند رہیں گے، تمام فیصلے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کریں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کا ٹیسٹ رن ہوچکاہے، میٹروٹرین کوجلد چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں، مفاد عامہ کے ہر منصوبے پر کام جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے اپنے دور میں مفاد عامہ کے کئی منصوبوں پر کام روکا ، پنجاب اسمبلی کی عمارت پر بھی 10برس کوئی کام نہیں ہوا، ہم نے پنجاب اسمبلی کی عمارت کے منصوبے پر کام شروع کیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ گوجرانوالہ شہر کو موٹروے سے لنک کرنے کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی، لاہور شہر میں موجود ٹرک اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیاجائے گا۔
چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھی ہیں ، صنعتکار اورتاجر برادری حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسی کو سراہتی ہے،مسائل کے حل کی یقین دہانی پر آپ کے شکر گزار ہیں۔
اے پی پی /لاہور/نورین











