لاہور؛نثار حویلی سے برآمد ہونے والا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر گامزن

128

لاہور،30 اگست (اے پی پی): شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے گزشتہ شب برآمد ہوگیا۔

 قبل ازیں نثار حویلی میں مجالس عزا  ہوئیں جن میں ذاکرین اور علماء کرام نے حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی، بیلہ برادرز نے قدیمی مرثیہ پڑھا۔نثارحویلی سے نکلنے والا شبیہ ذوالجناح کا یہ جلوس اپنے قدیمی راستوں سے گزرتا ہوا اذان فجر کے وقت چوک نواب صاحب پہنچا، جہاں ماتم اور زنجیر زنی ہوئی اس کے بعد یہ جلوس چوہٹہ مفتی باقر، مسجد وزیر خان، کشمیری بازار سے رنگ محل پہنچا۔ یہاں نماز ظہرین ادا کی گئی،جلوس صرافہ بازار، گمٹی بازار، ڈبی بازار، سید مٹھااور تحصیل بازار کی امام بارگاہ مبارک بیگم، بازار حکیماں،فقیر خانہ میوزیم ، اونچی مسجد بھاٹی گیٹ اورپھر بھاٹی چوک سے لوئر مال پر کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوجائیگا جہاں آج شام غریباں کی مجلس برپا ہو گی۔ جلوس کے مرکزی روٹ پر سکیورٹی انتظامات کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ ساتھ رضاکاربھی موجود تھے۔

جلوس کے آغاز سے اختتام تک جگہ جگہ امام بارگاہوں، گھروں اور دکانوں کے باہرانواع و اقسام کے کھانے پینے کی اشیاء کی سبیلیں لگائی گئی ہیں، نذر و نیاز کا سلسلہ آج رات تک جاری رہے گا۔