لاہور میں عیدالاضحی آج مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جارہی ہے

80

لاہور، یکم اگست (اے پی پی): ملک بھر کی طرح لاہور میں عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے، فرزندان توحید سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نماز عید گورنرہاؤس نے ادا کی،شہر بھر میں ساڑھے پانچ ہزار سے زیادہ مساجد اور میدانوں میں عید الاضحی کی نماز کے اجتماعات ہوئے، نماز عید کے اجتماعات میں ملک میں امن و امان اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

علمائے کرام نےسنت ابراہیمی کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالی اور ملک و قوم کی سلامتی اور عالم اسلام کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں،لوگوں نے سنت ابراہیمی کی یاد تازہ کرنے کے لئے جانوروں کی قربانی کی۔

عید الاضحی، مسلمانوں کا عظیم مذہبی تہوار ہے جو ہرسال 10ذوالحجہ کو انتہائی عقیدت و احترام، محبت، خوشی و مسرت، ذوق و شوق، جوش و خروش اور جذبہ ایثار و قربانی کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس دن مسلمان اللہ کی راہ میں اپنا تن، من، دھن قربان کرنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں اور یہی مسلمانوں کی عید ہوتی ہے۔

اے پی پی /لاہور/قرۃ العین