ملتان : فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا،جعلسازوں کیخلاف کاروائیاں جاری

117

ملتان ،23 اگست (اے پی پی ): جنوبی پنجاب میں فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا،جعلسازوں کیخلاف کاروائیاں جاری و ساری ہیں۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کے مطابق رحیم یارخان کےایل پی روڈپرشیخ واہن کےعلاقے میں  کارروائی کے دوران ملاوٹی دودھ بردار گاڑی پکڑی گئی،جس میں موجود  400لیٹردودھ موقع پر تلف کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ چیکنگ کےدوران  11فوڈ پوائنٹس سربمہر کر دیئے گئے جبکہ 2ہزارلیٹرملاوٹی دودھ،72لیٹر غیر معیاری سوڈاواٹر،23لیٹرایسنس67کلومصالحے کو موقع پر تلف کر دیا گیا ہے۔

 عرفان میمن نے کہا کہ ملتان سے قاسم سوڈاواٹر،لودھراں سےشریف سوڈاواٹر،وہاڑی میں پاکیزہ سوڈاواٹرمِس لیبلنگ،مشروبات میں کم برکس لیول پرسِیل کر دیئے گئے ہیں۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا   کہ ملتان میں  عمران سنتھیٹک مِلک یونٹ پاؤڈر سے دودھ کی تیاری،حاجی تکمیل مصری پتاشا پوائنٹ مٹھائی میں نِیل استعمال کرنے پر سِیل کر دیا گیا ۔خانیوال میں عاشق کریانہ ملاوٹی مصالحہ جات کی فروخت پر سربمہر کر دیا گیا ہے ۔مظفرگڑھ  میں مدینہ آئس فیکٹری برف کے بلاکس میں مُردہ حشرات، مکڑی جالہ پائے جانے پر سِیل کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مظفرگڑھ سےاٹالین پیزا پوائنٹ،بہاولپور سے ملک شوکت بیکری کُوکنگ ایریا سے متصل واش روم،ناقص آئل کے استعمال پرسربمہر کر دئیے گئے ہیں۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے مزید کہا کہ راجن پورمیں پرِنس فرائیڈچکن خوراک کی تیاری میں ملاوٹی کیچپ استعمال کرنےپرسِیل کر دئیے گئے ہیں ۔لیہ المُبشِرسُپر سٹورلائسنس فیس کی عدم ادائیگی پر سِیل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملاوٹی عناصر سے نمٹنے کیلئے فوڈ اتھارٹی نے بھرپور حکمت عملی بنا رکھی ہے۔