ملتان: ویسٹ مینجمنٹ کمپنی  کی جانب سے محرم الحرام کے لیے  صفائی پلان جاری

105

ملتان ، 17 اگست (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے محرم الحرام کےموقع پر صفائی کا ایکشن پلان جاری کردیا ہے، کمپنی کے آپریشنل سٹاف کی9 اور10 محرم کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔

عاشورہ محرم کے دوران  شہر میں 14 ایمرجنسی کیمپ لگائے جائیں گے،ہر سیکٹر ہیڈ ایمرجنسی کیمپ کا انچارج ہو گا ۔ایمرجنسی کیمپ نشتر،چوک شہیداں،اندرون شہر،گلگشت، عید گاہ،رشید آباد ،سمیجہ آباد،حافظ جمال،جناح پارک،پاک گیٹ،ممتازآباد،غلہ گودام،ٹمبر مارکیٹ اور ڈبل پھاٹک میں لگائے جائیں گے۔ان 14 ایمرجنسی کیمپ کی مانیٹرنگ کے لئے 8 فوکل پرسن  مقرر کردئیے گئے ہیں جب کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے آفس میں ایمرجنسی کنٹرول سنٹر بھی قائم کردیا گیا ہے،صفائی بارے میں  شکایت آنے پر ایمرجنسی کنٹرول سنٹر ایمرجنسی کیمپ کو مطلع کرے گا ۔

اس کے علاوہ فوکل پرسنز بھی اپنے ایریاز میں لائسنس داران اور جلوسوں کے منتظمین سے رابطہ رکھیں گے،تمام امام بارگاہوں کے اطراف میں بھرپور صفائی کی جائے گی جبکہ جلوسوں کے روٹس پر پانی کا چھڑ کاؤ کیا جائے گا۔اس کے علاوہ عزاداری کے جلوسوں کے روٹ پر واقع ڈرینز اور نالیوں پر فینائل چھڑکنے کے انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں۔