سکھر،19اگست(اے پی پی):ایس ایس پی موٹروے غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی سکھر میں گمبٹ،روہڑی بائی پاس سانگی اور میرپور ماتھیلو قومی شاہراہ کے مقام پر روڈ حادثات خصوصاً آ ئل ٹینکر میں لگنے والی خطرناک آگ پر قابو پانے کے لئے موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس، ایدھی ایمبولینس اور لوکل گورنمنٹ کی فائر برگیڈ نے ایکسرسائز میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا، موک ایکسرسائز کا مقصد روڈ حادثات کی روک تھام خصوصاً آئل ٹینکر میں آگ لگنے کی صورت میں حادثے کے مقام پر کوئیک رسپانس، زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کرنا موٹروے پولیس اور متعلقہ ریسکیو اداروں کے ساتھ کلوز کوآرڈینیشن سمیت موٹروے پولیس کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا تھا۔
موک ایکسرسائز کرتے وقت اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا کہ دوران ریسکیو آپریشن عام عوام کو جائےحادثے سے دور رکھنے اور موٹروے پولیس کی ریسکیو ٹیم اور عام عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے سمیت حادثے کے وقت احتیاطی تدابیر اپنانے کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
سکھر سیکٹر میں ہونے والی موک ایکسرسائز کے دوران ایس ایس پی موٹروے سکھر نے قریبی مشاہدہ کرنے کے ساتھ ساتھ موک ایکسرسائز کو آئی جی موٹروے پولیس کی ہدایات کےمطابق بہتر طریقے سرانجام دینے کے لئے احکامات بھی جاری کرتے رہے۔











