سکھر،16اگست(اے پی پی ): موٹر وے پولیس مورو نے گھر سے ناراض ہوکر نکلے ہوئے پشاور کے تین بچوں کو ورثاءکے حوالے کردیا،موٹروے پولیس سید تراب علی کے مطابق ڈی ایس پی آفس مورو میں وائرلیس آپریٹر جی پی او عمران کو کنٹرول سے اطلاع ملی کے تین لڑکے، صوبہ کے پی کے ضلع نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے گھر سے ناراض ہوکر کراچی کی جانب نکل پڑے ہیں جن کے گھر والے بہت پریشان ہیں۔
اطلاع ملتے ہی وائرلیس آپریٹر نے اطلاع ایڈمن آفیسر انسپکٹر محبوب الہی عباسی کو دی،جنہوں نے پیٹرولنگ ٹائیگر نمبر3 کے افسران انسپکٹر مظہر علی ملک ،جے پی او محمد جواد، جے پی او محمد اقبال کے ساتھ مل کر مورو ٹول پلازہ پر پشاور سے آنے والی کوچز کی چیکنگ شروع کر دی۔
چیکنگ کے دوران انہیں تینوں لڑکوں بنام عثمان ولد بیان دین، عمر 13 سال، منصور ولد جان علی عمر 12 سال، عبداللہ ولد ظفر علی عمر 14 سال کو تلاش کر لیا اور باحفاظت ڈی ایس پی آفس لے کر آئے ۔
بعد میں بذریعہ فون ان کے ورثہ کو ان بچوں کے ملنے کی اطلاع دی گئی۔اطلاع ملتے ہی ان کے ورثہ ڈی ایس پی آفس مورو پہنچے جہاں پر ان کے بچوں کو ان کے حوالے کر دیا گیا، جنہوں نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا اور دعا دی۔
دوسری جانب سیکٹر ہیڈ سکرنڈ سجاد حسین بھٹی نے ایسی کارروائی کرنے پر مذکورہ افسران کو شاباش اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔