وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی نصاب میں نبی کریم ﷺ کی سوانح حیات متعلق جامع مضامین شامل کرنے کی ہدایت

116

نرل

پشاور، 8اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے  سرکاری سکولوں کے تدریسی نصاب میں حضور نبی کریم ﷺ کی سوانح حیات کے حوالے سے جامع مضامین شامل کرنے اور ضم شدہ اضلاع میں سکولوں کی سولرائزیشن اور صوبے میں سکولوں کی اپگریڈیشن کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ ہدایات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان  نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں،جہاں انکو محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے اعلی حکام نے مختلف امور پر بریفنگ دی۔ وزیراعلی نے اجلاس میں سرکاری سکولوں میں ضرورت کی بنیاد پر ڈبل شفٹ شروع کرنے کے حوالے سے درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ تعلیم کی آفیشل ویب سائٹ اپ ڈیٹ کی گئی ہے جسکا جلد اجراءکردیا جائیگا۔ اس ویب سائٹ پر محکمہ تعلیم کے اقدامات سمیت تمام ڈیٹا عوام کے لئے دستیاب ہوگا جبکہ کلاس اول سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کے مسائل کے حل کیلئے آن لائن سہولت بھی موجود ہے جسکے مطابق آن لائن پوچھے گئے سوالات کا چوبیس گھنٹوں کے اندرجواب دیا جاتا ہے۔

بریفنگ کے دوران وزیراعلی کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران صوبے کے 28اضلاع سے مزید 80 ہزار اساتذہ کو تربیت دینے کا ہدف رکھا گیا ہے۔انڈکشن پروگرام کے تحت 17315 اساتذہ کی تربیت کا عمل جاری ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران بھی 12616 اساتذہ کی تربیت کا ہدف رکھا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضم شدہ اضلاع کے شعبہ تعلیم میں 3155 آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں جن میں سے 1594 آسامیوں پر بھرتی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ بندوبستی اضلاع میں 8ہزار سرکاری سکولوں کی سولرائزیشن کے منصوبے کے تحت آلات کی تنصیب کا عمل جلد شروع کر دیا جائیگا جس کےلئے ایک ہزار ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضم شدہ اضلاع کے پانچ لاکھ 37ہزار 497 سٹوڈنٹس کو مفت سٹیشنری اور بیگز اور پرائمری سکولوں کے تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ طلباءو طالبات کو وظائف دئیے جائیں گے۔

وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 318ملین روپے کی لاگت سے بندوبستی اضلاع کے2650 سکولوں کو کھیلوں کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت 900سکولوں میں کھیلوں کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ ضم شدہ اضلاع کے 1985سکولوں کو بھی کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ شروع ہے جسکی لاگت 238.200ملین روپے ہے جبکہ 625سکولوں میں سہولیات فراہم کر دی گئی ہےں جبکہ باقی ماندہ سکولوں پر کام جاری ہے۔

 وی این ایس ، پشاور