لاہور،11 اگست(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کی قیادت میں ضلع راولپنڈی کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ،ملاقات میں سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر پر بات چیت کی گئی۔
اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل، ترقیاتی کاموں اور فلاح عامہ کے منصوبوں پرپیشرفت سے آگاہ کیاجبکہ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے –
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ کورونا کاپھیلاؤ روکنا ہماری حکومت کی بڑی کامیابی ہے ،وزیراعظم عمران خان کی انسداد کورونا کی حکمت عملی کو ہر جگہ سراہا گیاہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھے گا، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کاروبار کھل گئے ہیں۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ راولپنڈی شہر کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدام کررہے ہیں ، نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کے دوران ہونے والی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی، پراجیکٹ پر مجموعی طور پر85 ارب روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ شروع کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نالہ لئی روڈ وے پر چار انٹر چینج بنائے جائیں گے، نالہ لئی پراجیکٹ میں بارش کے پانی کو سیوریج واٹر سے الگ کرنے کے لئے خصوصی پلانٹ لگائے جائیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ایکسپریس وے خواب تھا جسے ہم تعبیر دیں گے ، راولپنڈی کے شہریوں کیلئے یہ منصوبے ان کا حق ہے ، نالہ لئی ایکسپریس وے کے اطراف میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے بھرپور شجر کاری کی جائے گی،نالہ لئی روڈ وے کے بننے سے راولپنڈی اور گرد و نواح کے شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس ایپ کے ذریعے راولپنڈی کے شہریوں کوآن لائن خدمات کی سہولت فراہم کی گئی ہےاس کے علاوہ راولپنڈی میں خواجہ سرا کمیونٹی کے لئے “تحفظ سنٹر” قائم کئے گئے ہیں ، پولیس میں نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لئے 10 ہزار بھرتیاں بھی کر رہے ہیں ۔
وی این ایس ، لاہور











