پشاور میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں:  ایس ایس پی آپریشنز پشاور منصور امان

116

پشاور، 21اگست(اے پی پی) ایس ایس پی آپریشنز پشاور منصور امان نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں کل 62 امام بارگاہ ہیں، جنکے لیے فول پروف سیکورٹی کا بندوبست کر دیا گیا ہے جبکہ شہر میں ٹوٹل 7 کمانڈ پوسٹ بنائے گئے ہیں جن میں تمام مجالس اور جلوسوں پر نظر رکھی جائے گی۔

ایس ایس پی آپریشنز پشاور منصور امان نے محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آج ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دی۔

میڈیا بریفنگ میں ایس ایس پی آپریشنز پشاور نے بتایا کہ پشاور میں 234 ہوٹل پولیس کے پاس موجود ایپ میں رجسٹرڈ ہیں جب وہ کسی بھی شخص کو کمرہ مہیا کرتے ہیں تو ان کا ڈیٹا ہمارے پاس اجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے پہلے ہی بغیر رجسٹریشن یا غیر قانونی طور پر رہائش پزیر لوگوں کے خلاف ایف آئی آر دے دی ہے اور پشاور کے تمام افغان کیمپوں میں حساس اداروں کے ساتھ مل کر سرچ آپریشنز بھی کئے گئے ہیں جبکہ 15 دن کے سرچ آپریشن کے دوران پشاور پولیس نے 1130 مجرم اشتہاری گرفتار کئے۔

 منصور امان کا کہنا تھا کہ 9 اور 10 محرم الحرام کو حساس علاقوں میں موبائل سروس بند کرنے کے لیے مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔