پولیو کے تدارک کیلئے ہرشخص کواپنا موثرکردار ادا کرنا ہوگا؛ ممبر پولیو پلس محمد حنیف

131

ملتان،16  اگست(اے پی پی ):  پولیو کے تدارک کیلئے ہرشخص کواپنا موثرکردار ادا کرنا ہوگا اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون بھی ضروری ہے تبھی پولیو کا خاتمہ ممکن ہے ان خیالات کا اظہار روٹری کلب انٹر نیشنل گرین سٹی کے زیر اہتمام طرف مبارک دوئم میں ممبر پولیو پلس پاکستان محمد حنیف نے پولیو ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نےکہا کہ پوری دنیا میں افغانستان اور پاکستان ہی واحد ممالک ہیں جہاں پولیو کے کیسز زیادہ ہیں جبکہ پاکستان میں موجودہ حکومت بھی پولیو کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے جوکہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے کل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے پولیو مہم کو کامیاب کرنا ہوگا۔

 اس موقع پر سیکرٹری عمران طاہر بخاری، ماہر تعلیم وقاص فرید قریشی نے کہا کہ ہر کمیونٹی میں پولیو سے آگاہی کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا اورلوگوں کوپولیو سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر بھی اختیار کرنا ہوں گی، بروقت پولیو کے قطرے اگر بچوں کو پلائے جائیں تو اس مہلک مرض سے بچا جا سکتا ہے۔

 اس موقع پر دیگر مقررین   کا کہنا تھا کہ خواتین پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کریں، 15سے 18اگست سے پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلواکر عمر بھر کی معذوری سے محفوظ کریں کیونکہ یہ قومی فریضہ ہے اگر آج ہم میں سے کسی نے پولیو کے حوالے سے کوئی کوتاہی کی تو اس کا اثر آئندہ آنے والی نسلوں پر پڑے گا۔

اس موقع پر ممبر پولیو پلس پاکستان محمد حنیف اور ماہر تعلیم میاں وقاص فرید قریشی نے پولیو ورکرز میں کیپ اور جیکٹ تقسیم کیں اور پولیو آگاہی واک بھی کی گئی۔تقریب میں میاں اویس فرید قریشی، ربنواز وینس، محمد اسید ودیگر شریک تھے۔