چاغی،04اگست(اے پی پی) لیویز فورس نے کارروائی کرتے ہوئے چار مغوی ایرانی شہریوں کو بازیاب کروالیا ۔اسسٹنٹ کمشنر دالبندین محمد جاوید ڈومکی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران مقامی صحافیوں کو بتایا کہ یہ کارروائی خفیہ اطلاعات پر لیویز فورس کی کوئیک رسپانس ٹیم نے گزشتہ روز باسلانی کے علاقے میں کی جہاں لیویز فورس کی آمد سے قبل اغواکار دشوار گزار پہاڑی راستوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ محمدجاوید ڈومکی نے بتایا کہ بازیاب کرائے گئے ایرانی شہریوں کی شناخت فرہاد ولد شہباز، نعمت ولد حسین، چاکر حاجی محمد مراد اور ناصر ولد رودین سے ہوئی جو پاکستانی سرحد کے قریب واقع ایرانی علاقے خواش کے رہائشی ہیں ان افراد کو بارہ روز قبل ایرانی سرحدی علاقے روتک سے لین دین کے تنازعے پر اغوا کیا گیا جنہیں بحفاظت بازیاب کرکے اس کارروائی میں ایک مشکوک گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔ ان کے مطابق بازیاب کیے گئے ایرانی شہریوں کو دالبندین لیویز تھانہ منتقل کیا گیا جنہیں ضروری کارروائی کے بعد ایرانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مزید تحقیقات متعلقہ لیویز حکام کررہے ہیں۔
اے پی پی,وی این ایس











