ملتان، 16 اگست (اے پی پی ):وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پورے پاکستان میں کلین گرین شجرکاری مہم کاسلسلہ جاری ہے، پاکستان پلانٹ ڈے کے موقع پرایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے دفتر میں پودے لگائے گئے۔
اس سلسلے میں محمد رمضان خالد جوئیہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے اظہر سلیم کملانہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ملتان و دیگر معزز لاء آفیسران صاحبان اور سٹاف ممبران جن میں سید شفقت حسین بخاری، رانا محمد فاروق، سید ارم حسن شاہ،ملک غلام ناظم، عمران اسلم،منیراحمد، محمدافضل و دیگرکے ہمراہ مختلف اقسام کے پودے لگائے۔
اس موقع پر حکومت کے ویژن کی تعمیل کرتے ہوئے ایم رمضان خالد جوئیہ نے پیغام دیا کہ ہم حکومت پنجاب کے نمائندہ کے طور پر اپنے فرائض مکمل جانفشانی سے سرانجام دے رہے ہیں اور ہمارا مقصد بطور نمائندہ اپنے قائدین کی ہدایات پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ملک، خاص طورپر اپنے شہرکوسرسبز بنانا ہے۔ ہم اس عملی میدان میں آگے رہتے ہوئے اپنے ملک کو سرسبز و شاداب رکھ کر دنیا کو مثبت پیغام دیناچاہتے ہیں اور اپنی آئندہ نسلوں کو روشن مستقبل فراہم کرنا چاہتے ہیں۔