وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر  ماسکو  پہنچ گئے، شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے

500

ماسکو، 09 ستمبر(اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی روس کے  دو روزہ دورے پر   ماسکو  پہنچ گئے ہیں،ڈومو ڈی ڈیوو ائر پورٹ، ماسکو پہنچنے پر ماسکو میں تعینات پاکستانی سفیر شفقت علی خان،وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ظہور احمد اور روسی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،روسی ہم منصب سرگئ لیوروف کی دعوت پر روس کا دورہ کر رہے ہیں۔وزیر خارجہ کل ماسکو میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ اجلاس کی سائیڈلائن پر وزیر خارجہ اپنے روسی ہم منصب سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔