پشاور ، بی آر ٹی بس میں پھر آگ بھڑک اٹھی، بس سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی۔ 

0
47

پشاور، 16ستمبر(اے پی پی): پشاور کے علاقے حیات آباد میں اتوار بازار کے قریب فیڈر روٹس پر بی آر ٹی بس میں ایک بار پھر آگ لگ گئی جس پر قابو پالیا گیا ہے تاہم اس حادثے کے بعد بس سروس بھی عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔

ٹرانس پشاور ترجمان محمد عمیر کے مطابق بی آر ٹی کی بس میں لگی آگ پر قابو پایا لیا گیا ہے جبکہ آگ لگنے کی وجوہات پر تحقیقات جاری ہیں۔ بس میں بیٹھے تمام مسافروں کو بحفاظت بس سے باہر نکال دیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم بس سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔

 ترجمان ٹرانس پشاور نے کہا کہ بی آر ٹی کی تمام بسوں کا بس بنانے والی کمپنی کی ٹیم مفصل انداز میں جائزہ لے گی اور جامع تحقیقات اور انسپیکشن کریگی۔

 ترجمان ٹرانس پشاور محمد عمیر نے  مزید کہا کہ بی آر ٹی کی ہر بس کو تکنیکی اعتبار سے مکمل کلئیر کرنے کے بعد بحال کیا جائے گا اور یہ فیصلہ شہریوں و مسافروں کے وسیع تر مفاد میں لیا گیا ہے۔