اپوزیشن کی اے پی سی کرپشن بچاؤ تحریک ہے: معاون خصوصی اطلاعات خیبر پختونخوا  کامران بنگش

134

پشاور، 20ستمبر(اے پی پی):معاون خصوصی اطلاعات خیبر پختونخوا کامران بنگش نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کو کرپشن بچاؤ تحریک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کرپٹ لوگوں کے اردگرد گھیرا تنگ ہوچکا ہے، انکو این آر او نہیں ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی اطلاعات خیبر پختونخوا کامران بنگش  نے اتوار کو یہاں  اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا ، انہوں نے  کہا کہ پچھلی مہم جوئی کی طرح یہ مہم بھی بُری طرح ناکام ہوگی کیونکہ اپوزیشن وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی سے خوف زدہ ہے۔

کامران بنگش نے کہا کہ اس اے پی سی سے عمران خان کے اس موقف کی بھی تائید ہوتی ہے کہ جب انہوں نے کہا تھا کہ جس وقت میں ان پر ہاتھ ڈالونگا تو یہ سارے چور ایک ہوجائینگے مگر اب عوامی حکومت کسی اوچھے ہتھکنڈے سے بلیک میل نہیں ہوگی۔