لاہور، 25 ستمبر(اے پی پی): چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے ریلوے معین وٹو کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس لاہور ریلوے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اجلاس میں شرکت کی اور قائمہ کمیٹی کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم ایل ون کے بعد تمام پھاٹک ختم ہو جائیں گے اور ٹریک کے دونوں جانب کنکریٹ کی دیوار بنا دی جائے گی جس سے حادثات کا مکمل سد باب ہوگا۔
اجلاس میں چئیرمین ریلوے بورڈ حبیب الرحمان گیلانی، سی ای او ریلوے نثار احمد میمن ، آئی ریلوے پولیس عارف نواز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔چئیرمین ریلوے بورڈ حبیب الرحمان گیلانی کی جانب سے قائمہ کمیٹی کو ریلوے کے آپریشنز پر مختصر بریفنگ دی گئی اور ریلوے سے متعلق معاملات میں تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ۔