کوئٹہ، 10 ستمبر (اے پی پی ): بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر و وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے بلوچستان عوامی پارٹی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے پارٹی کے قیام کا مقصد بلوچستان کے عوام کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جو بلوچستان کے عوام کی صوبائی اور وفاقی سطح پر حقیقی ترجمانی اور نمائندگی کرے۔اور صوبے کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں،منظم پلینگ اور جامع منصوبہ بندی کا تعین کرتے ہوئے صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔ اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی رہنما سعید احمد ہاشمی،وفاقی وزیر زبیدہ جلال،سینیٹر منظور احمد خان کاکڑ،پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزرا ،مشیر،اراکین صوبائی اسمبلی،ضلعی عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر ووزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے رہنما اور دیگر عہدیداران بلوچستان کے عوام کے مفادات کو ہر صورت مقدم رکھیں گے تاکہ صوبائی اور قومی سطح پر بلوچستان کے عوام کے موقف کو احسن انداز سے پیش کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صرف بلوچستان تک محدود نہیں ہے پارٹی کا شمار قومی سطح پر ملک کی بڑی پارٹیوں میں ہوتا ہے بلوچستان عوامی پارٹی کی نمائندگی وفاقی حکومت اور سینٹ سمیت خیبر پختونخوا کے پارلیمان میں بھی ہے انہوں نے پارٹی کے رہنما،عہدیداران اور کارکنان کو بھی اپنے ذمہ داریوں کا ادراک رکھتے ہوئے صوبے کی خوشحالی اور ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرنا ہے تاکہ صوبہ معاشی اور اقتصادی ترقی کی سمت پر گامزن ہوتے ہوئے حقیقی خوشحالی اور ترقی کی منزل کو پا سکے_