کراچی ۔ 10 ستمبر (اے پی پی): ایوان صدر میں بجلی کا نظام شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئے ایوان صدر کی انتظامیہ اور نجی کمپنی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کراچی میں ہونے والی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔ دستخط نجی کمپنی کے سی ای او شمیم احمد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ایوان صدر شاہد شوکت نے کئے۔ ایوان صدر کی بجلی کے نظام کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے بجلی کے بل کی مد میں ادا ہونے والی رقم کو بچایا جا سکے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے متبادل ذرائع سے توانائی کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 59 لاکھ خاندانوں کی مدد کی گئی جس سے انہیں کورونا کے وقت مشکل حالات میں بیروزگاری کے باعث ذہنی سکون میسر آیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ پاکستان میں مخیر حضرات ہمیشہ مدد کے لئے تیار رہتے ہیں۔