چنیوٹ،11ستمبر(اے پی پی ): حکومت پنجاب کسانوں کا استحصال روکنے اور انکی فصل کی پوری قیمت کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کر رہی ہے، یہ بات ڈائریکٹر انٹی کرپشن فیصل آباد ڈویژن عمران رضا عباسی نے تحصیل کونسل چنیوٹ کے جناح ہال میں کھلی کچہری میں گنے کے کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر انٹی کرپشن فیصل آباد ڈویژن عمران رضا عباسی نے تحصیل کونسل چنیوٹ کے جناح ہال میں کھلی کچہری میں گنے کے کاشتکاروں کے مسائل سنے اور انکے فوری حل کی یقین دہانی کروائی ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انٹی کرپشن چنیوٹ عمر فاروق، اسسٹنٹ کمشنرز فضل عباس، خرم شہزاد بھٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران، سول سوساءٹی ،میڈیا نمائندگان سمیت کاشتکاروں کی کثیر تعداد موجود تھے ۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد ڈویژن عمران رضا عباسی نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کا استحصال روکنے اور انکی فصل کی پوری قیمت کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے گنا کا کم ریٹ ۔ وزن میں غیر قانونی کٹوتی اور ادائیگی کو روکنا ہم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔ آخر میں انکا کہنا تھا کہ ہم کسانوں کا استحصال ہر گز نہیں ہونے دیں گے،کاشتکاروں نے سال 2017,2018,2019کی شکایات اینٹی کرپشن کی جانب سے بنائے گئے ڈیسک پر تحریری طور پر جمع کروائیں اور زبانی بھی اپنی چند گزارشات پیش کیں جسے موقع پر ڈائریکٹر انٹی کرپشن فیصل آباد ڈویژن کی جانب سے مناسب ہدایات جاری کی گئیں ، کسان اتحاد کے لوگوں نے پنجاب حکومت کے اس اقدام کو سراہا ۔











