سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی ضلع گجرات کی جنرل باڈی کا اجلاس، امجد فاروق کو 2 سال کیلئے چیئرمین چن لیا گیا

115

لالہ موسی ، 25 ستمبر (اے پی پی ): سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی ضلع گجرات سی پی ایل سی (CPLC) کی جنرل باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس  میں  امجد فاروق کو 2 سال کیلئے چیئرمین سی پی ایل سی چن لیا گیا، چوہدری افتخار معروف سرپرست اعلیٰ ہوں گے ۔ سینئر ممبر نے چیئرمین سی پی ایل سی  امجد فاروق سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

جنرل باڈی کے اجلاس میں ممبران نے سابق چیئرمین چوہدری افتخار معروف کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور الحاج امجد فاروق کو طلائی ہار پہنائے اور مبارکباد دی۔ حلف اٹھانے کے بعد الحاج امجد فاروق نے کہا کہ سابق چیئرمین چوہدری افتخار معرو ف اور وائس چیئرمین سیٹھ قمر خورشید اور ان کی کابینہ کی کارکردگی قابل تحسین رہی ہے اور انہوں نے اچھا دور گزارا ہے۔ 636 فیصلے انہوں نے میرٹ پر کئے ہیں جبکہ  کرونا وائرس کے باوجود ان کی کارکردگی نمایاں رہی ہے۔انشاءاللہ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، آنے والے وقتوں میں سی پی ایل سی بہت ترقی کرے گی۔

انہوں نے کہا   کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں سی پی ایل کے ممبران کا عزت و احترام کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سی پی ایل سی پولیس اور عوام میں پل کا کردار اد اکر رہی ہے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ گجرات کو ایک بہترین ڈی پی او ملا ہے ۔

سابق چیئرمین چوہدری افتخار معرو ف نے کہا کہ 2 سال میں 436 فیصلے میرٹ پر کئے، ان پر کسی نے اعتراض نہیں کیا۔ ہارٹ اٹیک اور کرونا وائرس کے باوجود ہماری کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ خدمت مرکز، سیف سٹی گجرات، پولیس کیلئے فری ڈسپنسری میں ادویات کی فراہمی، کرونا کے دوران پولیس اہلکاروں کو سینی ٹائز اور ماسک کی فراہمی کو یقینی بنایا۔

سابق سینئر وائس چیئرمین سیٹھ قمر خورشید نے بھی الحاج امجد فاروق کو چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ سی پی ایل سی کے ممبران ایک خاندان کی طرح عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور انشاءاللہ ہم ایک ورکر کے طور پر بھی اپنا کام جاری رکھیں گے۔

 شیخ انصر قذافی نے کہا کہ نئے چیئرمین الحاج امجد فاروق اپنی مرضی سے کابینہ تشکیل دیں گے جس کا اختیار جنرل باڈی نے انہیں دے دیا ہے۔

 چوہدری ریاض وڑائچ نے کہا کہ الحاج امجد فاروق بطور چیئرمین اپنی ایسی ٹیم کا انتخاب کریں گے جو کہ سی پی ایل سی کا نام روشن کرے گی۔

 شیخ انصر قذافی نے کہا کہ نئے چیئرمین الحاج امجد فاروق کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 2014 ءمیں ہم سی پی ایل سی کے ممبربنے، یہ معلوم نہیں کہ جو بھی نیا ڈی پی او آتا ہے پالیسی تبدیلی ہو جاتی ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے سابق چیئرمین کی کارکردگی کو سراہا۔

 اس موقع پر زبیدہ بیگم، چوہدری توصیف حیدر، مرزا عطا محمد، امتیا ز کوثر، ڈاکٹر امین گل، عمیر رفیق، میاں غالب، وقار ایوب، علی انصر گھمن، چوہدری شبیر ککرالی، راجہ محمد انور، میاں محمد خان، چوہدری گلزار حسین، راجہ ارشد محمود ، چوہدری خان محمد مکیانہ، چوہدری بشیر، چوہدری فیاض احمد، راجہ محمد ریاض، زبیدہ سکندر، احسان الحق، حافظ ایوب صراف، مستنصر علی، جاوید عزیز، چوہدری رضوان سعید، ملک محمد الیاس اٹلی، ملک احمد حسین، لیاقت قادری بھی موجود تھے۔

اجلاس میں سابق سیکرٹری اطلاعات لیاقت قادری کی طرف سے سابقہ ماہ کی کارروائی رپورٹ پڑھ کر سنائی گئی جس کی ہاؤس نے توثیق کی۔