سکھر۔26ستمبر(اے پی پی ) آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی موٹر وے ساؤتھ ریجن ڈاکٹر آفتاب احمد پٹھان اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ ملک مطلوب احمد کی خصوصی ہدایات پر ایس ایس پی موٹر وے سکھر غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی موٹر وے ہیڈکواٹر سکھر میں ریجنل بلڈ سینٹر سکھر کے تعاون سے موٹر وے پولیس کے افسران و جوانوں نے خون کے عطیات دیے، خون کے عطیات دینے کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت اور ایک ذمہ دار پولیس فورس ہونے کا ثبوت دینا تھا۔
اس موقع پر ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو نے اپنے افسران اور جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیا، ان کاکہنا تھا کہ موٹر وے پولیس نیشنل ہائی وے یا موٹر وے پر مسافروں کی جان و مال کی حفاظت میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے، لیکن اب موٹر وے پولیس انسانی جانوں کو بچانے کے لئے بھی اپنا ہر ممکن کردار ادا کرے گی، آج کا کیمپ اسی سلسلے کی ایک چھوٹی سی انسانی خدمت ہے، موٹر وے پولیس تھلیسمیا کے مرض میں مبتلا بچوں، حادثات میں شدید زخمی ہونے والے افراد یا دیگر خون کے امراض میں مبتلا افراد کے لئے اپنے خون کا عطیہ دینے کا سلسلہ آگے بھی جاری رکھے گی۔
۔ کیمپ کے دوران سکھر سیکٹر این فائیو کے تمام ڈی ایس پیز، افسران و جوانوں نے بھرپور شرکت کرکے آئی جی موٹر وے پولیس کے مشن کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا، کیمپ کے موقع پر ریجنل بلڈ سینٹر کے کیمپ انچارج محمد افضل وسیر نے موٹر وے پولیس کا نہ صرف شکریہ ادا کیا بلکہ خون کے عطیات دینے میں جوانوں کے جذبے کو خوب سراہاتے ہوئے ایس ایس پی موٹر وے سے درخواست کی کہ اس طرح کے مزید کیمپوں کا انعقاد مستقبل میں بھی کرایا جائے تاکہ خون کے عطیات حاصل کرکے دکھی انسانیت کی خدمت اور جانوں کو بچانے میں موٹر وے پولیس اور آر بی سی اپنا کردار ادا کرتی رہے۔