عارف والا :یوم دفاع پاکستان،  رینجرز انسپکٹر محمد رضوان شہید کی یادر گار پر فائیو ونگ رجمنٹ پنجاب کے دستے کی حاضری

96

عارف والا ، 06 ستمبر (اے پی پی ): یوم دفاع پاکستان کے سلسلہ میں گیارہ ونگ رجمنٹ پنجاب کے رینجرز انسپکٹر محمد رضوان شہید کی یادر گار پر فائیو ونگ رجمنٹ پنجاب کے دستے کی حاضری، دستے نے ایس پی جواد شیروانی کی قیادت میں ڈی جی رینجرز پنجاب کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ۔محمد رضوان شہید کی یادرگار پر اہلخانہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 شہید کے بڑے بھائی اختر گوگا نے کہا کہ میرے بھائی رینجر انسپکٹر محمد رضوان نے سینکڑوں قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچاتے ہوئے واہگہ بارڈر پر خودکش دھماکہ میں ملک و قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کر کے خود کو ہمیشہ کے لئے امر کرلیا ہے، میرا ایک بھائی ڈی ایس آر محمد ریحان بھی اپنی خدمات ملک و قوم کے لئے دے رہا ہے ۔

شہید  کی والدہ شمیم اختر نے بتایا کہ مجھے اپنے بیٹے شہید محمد رضوان پر فخر ہے کہ اس نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے جام شہادت نوش کیا ہے ،ملک و قوم کی خاطر اپنے دوسرے بیٹے بھی راہ حق میں قربان کرنے کے لئے تیار ہوں۔