غوث بہاء الدین زکریاؒ کا سہ روزہ عرس 5صفر کو شروع ہوگا، خصوصی  صفائی   مہم  شروع

151

ملتان ،14 ستمبر (اےپی پی ): حضرت غوث بہاؤالدین زکریا ملتانی کے781ویں عرس کی تیاریاں جاری ہیں،تین روزہ عرس 5 صفرکو شروع ہو گا۔

عرس میں اہم شخصیات کی شرکت کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے صفائی کی خصوصی ہدایات جاری کردیں،ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے  شہر میں  خصوصی صفائی کا آغاز کردیا ۔

سی ای او عبدالطیف خان کی ہدایت پر صفائی پلان بھی جاری کردیا،قلعہ کہنہ قاسم باغ اور اطراف کی تمام سڑکوں کی خصوصی صفائی روزانہ کے  پلان میں شامل ہے اور صفائی  کیلئے  25 ورکرز پر مشتمل سکواڈ تعینات کر دیا گیاہے ،  گھنٹہ گھر چوک، دولت گیٹ چوک اور واٹرورکس روڈ کی خصوصی صفائی جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوڈر ٹریکٹر اور ٹرالیوں کے ذریعے کچرا اور ملبہ اٹھایا جارہا ہے، دولت گیٹ چوک سے دہلی گیٹ تک صفائی   بھی شیڈول میں شامل ہیں، فوڈ سٹریٹ اور حسین آگاہی  کی  صفائی پر خصوصی  توجہ دی  جا  رہی  ہے ۔

انہوں نےمزید  کہا کہ 5 صفر کو شروع ہونے والے تین روزہ عرس کے موقع پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی قلعہ کہنہ قاسم باغ پر کیمپ لگائے گی، کیمپ میں ہمہ وقت صفائی کا عملہ موجود رہے گا اور عرس کے ایام میں تمام سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤاور لائم لائننگ کی جائے گی ،زائرین کی رہائش گاہوں کی صفائی کو بھی  پلان  میں شامل کر لیا ہے۔