قبائل اور مشران دیرینہ تنازعات کو باہمی مشاورت اور علاقائی روایات کے مطابق حل کریں:کرنل عادل امام کا  ہنگو میں گرینڈ جرگے سے خطاب

106

ہنگو،14ستمبر (اے پی پی):کرنل عادل امام نے کہا کہ  قبائل اور مشران دیرینہ تنازعات کو باہمی مشاورت اور علاقائی روایات کے مطابق حل کریں،سماجی ترقی اور خوشحالی کا انحصار پائیدار امن سے وابسطہ ہے،چھپری،نریاب اور دھند کی اقوام میں مصالحت اور تصفیہ طلب مسائل کا حل ہماری دلی خواہش ہے،مسئلے کے حل کے لیے قومی نشان کا رویہ اور کردار انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

ان خیالات کا اظہار کرنل عادل امام نے دوآبہ میں چھپری،نریاب اور ڈھنڈ کے قومی مشرا ن کے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جرگے کی میزبانی پاک فوج نے کی جبکہ اس موقع پر میجر اطہر،ایس ایچ او مجاہد حسین اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھے۔

علاقائی روایات کے مطابق تینوں اقوام کے مشران اور کرنل امام زمین پر روایتی جرگے کی شکل میں بیٹھے اور پھر تینوں اقوام کے نمائندگان نے تصفیہ طلب معاملات پر صراحت اور وضاحت کے ساتھ اپنا اپنا موقف پیش کیا،مشران نے سن رسیدہ مسئلے کے حل کرانے میں گہری دلچسپی لینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کرنل عادل امام نے کہا کہ سیکورٹی ادارے تمام علاقوں میں مستقل امن اور پائیدار ترقی کی راہیں متعین کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر تنازعے اور مسئلے کا باوقار حل اور امن کے لیے باہمی بات چیت ہی بہترین فورم ہے۔جس کے ذریعے بڑے بڑے تنازعات کا باعزت حل نکلا ہے۔

کرنل عادل امام نے کہا کہ نریاب،چھپری اور ڈھنڈ کے مشران کارویہ ہمارے لیے تقویت کا حامل ہے۔تینوں اقوام کے مشران نے ایک دوسرے کوانتہائی کشادہ پیشانی اور تحمل سے سنا اور اس کے حل کے لئے جرگے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاک فوج کی تنازعات کے حل کے لیے کاوشوں اور امن کے لیے بے مثال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔