قومی مفاہمت  کیلئے  افغانستان کی اعلیٰ  کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ  تین  روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

114

اسلام آباد ، 28 ستمبر(اے پی پی ):قومی مفاہمت کے لئے افغانستان کی اعلیٰ  کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ  تین  روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے  ہیں ، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی سفیر محمد صادق، افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمدخان اور وزارت خارجہ کی افغانستان ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل آصف میمن  نے ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔

قومی مفاہمت کے لئے اعلی کونسل کے چئیرمین کے طورپر ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔قومی مفاہمت کے لئے اعلی کونسل کے نمایاں ارکان بھی ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے ہمراہ آنے والے اعلی سطحی وفد میں شامل ہیں۔

اسلام آباد دورے کے دوران ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ صدر مملکت عارف علوی  اور   وزیر  اعظم  عمران  خان  سمیت  چئیرمین سینٹ، سپیکرقومی اسمبلی اور دیگر اعلی شخصیات سے ملاقات  کریں  گے ۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد میں کلیدی خطاب بھی   کریں گے۔

ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے دورے سے پاکستان اور افغانستان میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ عوامی سطح پر روابط کو تقویت ملے گی  جبکہ  افغان امن عمل کا جائزہ لینے کے لئے وسیع امور پر تبادلہ خیال کا موقع  بھی میسرآئے گا۔