لاہور: پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ کا اجلاس منعقد

213

لاہور، 9ستمبر (اے پی پی):  صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب روز گار سکیم کے خدوخال اور قواعد و ضوابط سمیت   بورڈ کے پرائیویٹ ممبر کیلئے ایک اجلاس میں شرکت کے لئے 15 ہزار روپے اعزازیہ کی بھی منظوری کی گئی۔

میاں اسلم اقبال نے اجلاس میں   بتایا  کہ پنجاب روز گار کی انقلابی سکیم کا آغاز رواں ماہ میں ہوگا۔ درخواست کی پراسیسنگ فیس2ہزار روپے اور قرض کی منظوری 20روزمیں ہوگی۔  قرض واپسی کی مدت 2سے5سال تک ہوگی جبکہ گریس دورانیہ 6ماہ ہوگا۔

 صوبائی وزیر نے  کہا کہ صوبے میں معاشی و کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کے لئے پنجاب روز گار سکیم لائی جارہی ہے۔سکیم کے تحت نیا کاروبار شروع کرنے، موجود کاروبار کے فروغ اور کورونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی کے لئے آسان قرضے دئیے جائیں گے۔ انہوں کہا کہ اس انقلابی سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کا آسان قرضہ حاصل کیا جاسکے گا جبکہ  یونیورسٹیوں، فنی تعلیمی اداروں کے گریجوایٹس، دستکار اور ہنرمند اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں گے۔

میاں اسلم اقبال  نے کہا کہ یہ سکیم صوبے میں غربت اور بے روزگاری میں کمی لانے کے حوالے سے معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے آن لائن پورٹل بھی تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا  کہ  آسان شرائط پر قرضوں کی تقسیم کا عمل نہایت شفاف اور میرٹ پر ہوگا۔